بھٹکل 17 ستمبر (ایس او نیوز) ساگر روڈ کے کیترے کراس کے قریب گانجہ فروخت کرنے کی مصدقہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے بھٹکل پولس نے تین لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کےپاس موجود 750 گرام گانجہ کو ضبط کرلیا ہے۔
پولس ذرائع نے بتایا کہ یہ کاروائی آج جمعرات صبح قریب 10:30 بجے عمل میں آئی جس میں تین لوگ جن کی شناخت منکی (ہوناور تعلقہ) کے رہنے والے گنپتی منجپّا نائک، مرڈیشور کے رہنے والے جناردھن انپّا ہری کنترا اور بھٹکل کریکل کے انند مادیو موگیر کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ تینوں ساگر روڈ کے کیترے کراس کے قریب عوامی جگہ پر سوزوکی اسکوٹی پر گانجہ فروخت کررہے تھے جس کے دوران پولس نے چھاپہ مارا ۔ پولس نے بتایا کہ ان تینوں کے پاس موجود گانجہ سمیت اسکوٹی اور نقد رقم 2700 روپیہ اور ایک موبائل بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
چھاپہ کی یہ کاروائی ضلع اُترکنڑا کے ایس پی شیوپرکاش دیوراج اور ایڈیشنل ایس پی ایس بدری ناتھ کی قیادت میں بھٹکل ڈی وائی ایس پی نکھل بولاور، سرکل پولس انسپکٹر دیواکر پی ایم، بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ کے سب انسپکٹر اومکارپّا، بھٹکل ٹاون سب انسپکٹر بھرت کمار، بی کُڈگونٹی سمیت دیگر پولس اہلکاروں نے انجام دی۔